بھارتی ناقد کمال راشد خان المعروف کے آر کے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ان کی جان کو خطرہ ہے۔ کمال آر خان کے خلاف تضحیک آمیز ٹوئٹس کے کیس میں ضمانت کے ایک دن بعد ہی نیا موڑ آ گیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ان کے تصدیق شدہ اکاؤنٹ سے پیغامات جاری کیے گئے جن میں کے آر کے کو قتل کرنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔
ان پیغامات میں کہا گیا کہ ’میں کے آر کے کا بیٹا فیصل کمال ہوں، کچھ لوگ ممبئی میں میرے والد کو ٹارچر کرکے قتل کردیں گے۔ان میں یہ بھی کہا گیا کہ ’میں اس وقت 23 سال کا ہوں اور لندن میں مقیم ہوں، نہیں جانتا کہ اس وقت والد کی مدد کیسے کروں؟ان پیغامات میں اداکار ابھیشیک بچن، رتیش دیشمک اور ریاست مہاراشٹرا کے سابق وزیراعلیٰ کو ٹیگ کرکے کہا گیا کہ میں آپ لوگوں سے درخواست کرتا ہوں کہ میرے والد کی جان بچائیں۔
پیغامات میں مزید کہا گیا ’میں اور میری بہن ان کے بغیر مر جائیں گے، کیونکہ وہ ہماری زندگی ہیں، میں عوام سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ میرے والد کی مدد کریں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں اپنے والد کو سشانت سنگھ راجپوت کی طرح مرتا نہیں دیکھنا چاہتا۔