کِم کارڈیشین نے اپنے انسٹاگرام پیج پر ایتھیریم میکس نامی کرپٹو کرنسی کی تشہیر کرنے پر 11 لاکھ 60 ہزار ڈالر جرمانہ ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔یو ایس سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے کہا ہے کہ ریئلیٹی ٹی وی سٹار کارڈیشین نے کرپٹو کرنسی کی تشہیر کے لیے ڈھائی لاکھ ڈالر وصول کیے تھے، یہ ظاہر کیے بغیر کہ انھیں ایسا کرنے کے لیے پیسے دیے گئے تھے۔
انھوں نے تین سال تک کرپٹو ایسٹ سکیورٹیز کو فروغ نہ دینے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ ان کے وکیل نے بی بی سی نیوز کو بتایا کہ مس کارڈیشین ایس ای سی کے ساتھ مل کر اس معاملے کو حل کرنے پر خوش ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ کارڈیشین نے شروع سے ہی ایس ای سی کے ساتھ مکمل تعاون کیا اور وہ اس معاملے میں ان کی مدد کرنے کے لیے مزید جو کچھ بھی کر سکتی ہیں وہ کرنے کو تیار ہیں۔ وہ اس معاملے کو ایک طویل تنازعے میں تبدیل کرنے سے بچنا چاہتی تھیں۔