بنجمن نیتن یاہو جلد دوبارہ اسرائیل کے وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالیں گے۔
لیکن یہ سمجھا جاتا ہے کہ اس بار انہیں زیادہ چیلنجنگ ملکی اور بین الاقوامی ماحول کے درمیان کام کرنا پڑے گا۔ انہیں ملک کے اندر اسرائیلی قبضے کے تحت فلسطینی علاقوں میں پہلے سے زیادہ مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا جس کی وجہ انکے اتحاد میں ایسی جماعتوں کا بڑھتا ہوا کردار ہے، جو فلسطینی آبادی کے خلاف سخت موقف رکھتی ہیں۔
نیتن یاہو اس سے قبل 14 سال تک وزیر اعظم رہ چکے ہیں لیکن اس بار جب وہ اس عہدے پر آرہے ہیں تو بین الاقوامی صورتحال بدل چکی ہے۔ ایران کیساتھ ان کے تعلقات ہمیشہ انتہائی کشیدہ رہے ہیں جبکہ اس دوران بین الاقوامی سطح پر ایران کاکردار بڑھ چکا ہے۔
روس نے جس طرح یوکرین کی جنگ میں وہاں ایرانی ڈرونز اور میزائلوں کا استعمال کیا ہے، اب ایران کو ایک مضبوط طاقت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ مغربی ممالک کے ساتھ اپنے جوہری پروگرام کو کنٹرول کرنے کے لیے بات چیت کے منقطع ہونے کے بعد ایسے خدشات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ ایران جلد ہی جوہری ہتھیار بنانے میں کامیاب ہو سکتا ہے۔نیتن یاہو کی قیادت میں نئے اتحاد میں عسکریت پسندانہ موقف رکھنے والی جماعتیں شامل ہیں۔ ان جماعتوں کا موقف نہ صرف فلسطینیوں بلکہ ایران کے حوالے سے بھی بہت سخت ہے۔
اس وجہ سے یہ سمجھا جاتا ہے کہ نیتن یاہو کے لیے ان دونوں فریقوں کے درمیان کسی بھی قسم کے معاہدے تک پہنچنا بہت مشکل ہوگا۔ ایسے میں خاص طور پر فلسطین کے معاملے میں اسرائیل کے اپنے خصوصی حامی ملک امریکہ کے ساتھ تعلقات بھی خراب ہو سکتے ہیں۔ امریکی صدر جو بائیڈن فلسطینیوں کے خلاف نرم رویہ اختیار کرنے کے حامی ہیں۔ وہ اسرائیل کے ساتھ ساتھ فلسطین کو ایک علیحدہ ملک کے طور پر قائم کرنے کے بھی حامی ہیں۔اسرائیلی سیاست میں نیتن یاہو کا عروج 1990 کی دہائی میں ہوا۔
انہیں اسرائیل کے قیام میں شامل مشہور رہنماؤں کی نسل کے بعد سب سے بڑا رہنما سمجھا جاتا ہے۔ نیتن یاہو کا عروج فلسطینیوں کیخلاف سخت موقف کے اظہار کے ساتھ ہوا۔ نیتن یاہو سے قبل اس وقت کے وزیراعظم یتزاک رابن نےفلسطینی قیادت کے ساتھ امن معاہدے پر دستخط کئے تھے جس سے ناراض ہو کر ایک اسرائیلی دہشتگرد نے 1995 میں رابن کو قتل کر دیا تھا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اس پیشرفت کے درمیان نیتن یاہو نے اسرائیلی یہودیوں کی شدید نفسیات کو سمجھا اور اس پر اپنی سیاست کی بنیاد رکھی۔
اس سب کے باوجود نیتن یاہو کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ اپنی آخری مدت تک بین الاقوامی تعلقات میں کسی نہ کسی طرح کا توازن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں۔ یہ ان کی خاص سیاسی مہارت سمجھی جاتی ہے۔ لیکن اس بار وہ ان جماعتوں کی حمایت سے حکومت بنا رہے ہیں جو فلسطینیوں سے کسی قسم کی نرمی کے خلاف ہیں۔اس صورتحال سے خائف فلسطینی رہنما محمود عباس نے حال ہی میں امریکی صدر جو بائیڈن سے فون پر بات چیت کی۔ اس دوران بائیڈن نے انہیں یقین دلایا کہ امریکہ دو قومی اصول پر قائم ہے اور اسرائیل کے زیر قبضہ علاقوں میں امن برقرار رکھنے کیلئے کام کرے گا۔ لیکن انہوں نے دو ریاستی اصول کے مطابق فلسطین کے الگ ملک کے قیام پر بات چیت شروع کرنے کی پیشکش نہیں کی
جس سے فلسطینی امیدوں کو دھچکا لگا ہے۔ ساتھ ہی اس علاقے میں بدامنی پھیلانے کا امکان بڑھ گیا ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو نیتن یاہو کو لٹمس ٹیسٹ سے گزرنا پڑے گا۔ سیاست میں، لٹمس ٹیسٹ ایک ایسا سوال ہے جو کسی اعلیٰ عہدے کے لئے ممکنہ امیدوار سے پوچھا جاتا ہے، جس کا جواب اس بات کا تعین کرتا ہے کہ آیا نامزد اہلکار تقرری یا نامزدگی کے ساتھ آگے بڑھے گا۔